سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خاں کے بیٹے اور سوار سے ایس پی کے
ممبر اسمبلی عبداللہ اعظم اپنی عمر کو لے کر نئی مشکل میں پھنستے نظر آرہے
ہیں۔ ان کے خلاف الزام لگا یا گیا ہےکہ انہوں نے سی بی ایس ای بورڈ کی 10
ویں کا سرٹیفکٹ لگانے کی بجائے پیدائش کا سرٹیفکیٹ لگا کر الیکشن لڑا۔ اس
دوران انہوں نے اپنی عمر 24 کی بجائے 25 سال بتائی ۔ سابق وزیر نوید میاں
نے عبداللہ کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ کو فرضی قرار دیتے ہوئے رام پور کے ایس
پی اور ڈی ایم کو مقدمہ درج کرنے کی تحریر دی ہے۔
نوید میاں کا الزام ہے کہ ہائی اسکول کے سرٹیفکٹ میں عبداللہ کی عمر 25 سال
سے کم ہے۔ انهوں کہا کہ تعلیمی
سرٹیفکیٹ میں بتائی گئی عمر ہی قانونی طور
پر تسلیم کی جاتی ہے۔ ویسے انتخابات کے دوران بھی نوید میاں نے عبداللہ کے
پرچہ نامزدگی پر اعتراض کیا تھا،جس کے بعد میونسپل، لکھنؤ کا برتھ
سرٹیفکیٹ لگایا گیا تھا۔
انتخابات میں عبداللہ نے نوید میاں کو کراری شکست دی تھی۔ نوید میاں نے اس
معاملہ میں ہائی کورٹ میں بھی عرضی دائر کر رکھی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایم
کو ایک کاپی بھی دی گئی ہے۔
ڈی ایم نےایس ٹی ایم سوار کو جانچ کا حکم دیا ہےجبکہ ایس پی نے سی او سوار
کو جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ادھر ایس پی کے کے چودھری کا کہنا ہے کہ یہ
الیکشن کا معاملہ ہے، جس میں کمیشن پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا چکا ہے۔